ہفتہ 30 مئی 2026 - 11:59
ایران نے امریکی خوف کا بت پاش پاش کردیا/مسلم دنیا ابراہیمی معاہدے کو کسی صورت قبول نہ کرے: علامہ مرید حسین نقوی

حوزہ/وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے نائب صدر علامہ سید مرید حسین نقوی نے حوزہ علمیہ جامعةالمنتظر ماڈل ٹاون میں نمازِ عید الاضحٰی کے خطبوں میں کہا کہ امریکہ سے خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں، ایران نے امریکی خوف کا بت پاش پاش کردیا ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے نائب صدر علامہ سید مرید حسین نقوی نے حوزہ علمیہ جامعةالمنتظر ماڈل ٹاون میں نمازِ عید الاضحٰی کے خطبوں میں کہا کہ امریکہ سے خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں، ایران نے امریکی خوف کا بت پاش پاش کردیا ہے۔

انہوں نے ملکی سلامتی، دہشت گردوں کے خلاف افواج پاکستان کی کامیابی اور فلسطین کی آزادی اور اسلامی جمہوری ایران کی فتح و نصرت کے لئے دعا بھی کروائی۔

خطبہ عید میں قربانی کی اہمیت کو بیان کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے انسانوں سے قربانی کے ذریعے انسانوں کا تزکیہ نفس چاہتا ہے، اللہ تمہارے قربانی کردہ جانور کا گوشت اور خون کا محتاج نہیں، بلکہ خالق کائنات کی منشا ہے کہ تم تقویٰ اختیار کرو۔

انہوں نے کہا کہ حضرت اسماعیل علیہ السلام کی قربانی کے بدلے میں سب سے بڑی قربانی سید الشہداء حضرت امام حسین علیہ السلام کی ہوئی، جبکہ آج عصر حاضر میں سب سے بڑی قربانی شہید آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای رحمتہ اللہ علیہ کی اسلام دشمن قوتوں امریکہ اور اسرائیل کے حملوں میں 28 فروری کو ہوئی۔

انہوں نے واضح کیا کہ امریکہ کسی صورت بھی قابل بھروسہ نہیں ہے ،اب مسلمان ممالک پر ابراہیمی معاہدہ تسلم کرنے کے لئے دباؤ ڈال رہا ہے، مسلم دنیا ابراہیمی معاہدے کو کسی صورت قبول نہ کرنے کا اعلان کرے، امریکہ سے خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں۔ ایران نے اس کے خوف کا بت پاش پاش کردیا ہے ، اب یہ عرب ممالک کے عدم استحکام کا بھی باعث بن چکا ہے۔

علامہ مرید حسین نقوی نے کہا کہ کچھ لوگ عید مناتے ہیں مگر اس کا مفہوم بھول جاتے ہیں۔ عید کا مطلب ہے اللہ کی طرف لوٹ آنا، انسان کو اللہ کے دین کی طرف پلٹنا چاہیے ، عید کے مفہوم اور فلسفے کو سمجھنے کی ضرورت ہے۔ عید کے دن گانے بجانے کی محفلیں سجانا اسلامی تعلیمات کے خلاف ہے۔

ان کا کہنا تھا عید سنت موکدہ ہے، اس میں شرکت بھر پور ہونی چاہیے، لیکن اس کے ساتھ عام ایام میں بھی ہمیں نماز کی طرف توجہ دینے اور مساجد میں نماز پنجگانہ کی طرف توجہ دینے کی ضرورت ہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha